
* وہ حیدرآبادی جس نے حرم کعبہ میں نماز پڑھائی * ____________ س۔م۔احمد _____________ حضرت علامہ مفتی محمد رحیم الدین صاحب ولد محمد سراج الدین صاحب کی ولادت بروز چہارشنبہ 7/ ربیع الاخر 1311 ھ کو حیدرآباد میں ہوئی۔ آپ کے والد فوج میں افسر تھے۔ ابتدائی تعلیم آسمان جاہی مدرسہ میں ہوئی اور بعد ازاں جامعہ نظامیہ میں داخل ہوئے۔ مفتی صاحب قبلہ طویل القامت لیکن میانی نظر آتے تھے، ورزشی جسم، گھنی داڑھی، سفید عمامہ باندھتے اور بائیں کاندھے پر سفید رومال ڈالا کرتے تھے، گفتگو سلیس و شائستہ ہوتی، جو ایک دفعہ آپ سے ملتا آپ کا گرویدہ ہوجاتا۔ آپ اپنی وضع و قطع اور علمی مقام کے باوجود نہایت منکسر المزاج تھے۔ اپنے قریبی لوگوں کو چائے وغیرہ پلایا کرتے، نہ صرف اتنا ہی بلکہ آنے جانے کیلئے سواری خرچ بھی دیا کرتے تھے۔ ایک دفعہ حضرت مولانا سید قطب الدین حسینی چشتی صاحب قبلہ جو امیر جامعہ تھے کی دعوت پر خانقاہ عالیہ حضرت شاہ خاموش علیہ الرحمہ گئے، تناول ما حضر سے فارغ ہوئے تو مولانا قطب الدین چشتی صاحب نے کہا کہ حضرت جسمانی غذا تو ہو گئی، اب روحانی غذا کا انتظام ہے ( یعنی محفل سماع تیار ہے). ...